مدرسہ حفصہ للبنات، کرسی روڈ، انواری، بارہ بنکی میں جدید تعلیم کے فروغ کا ایک اہم اور دوررس اثرات کا حامل منصوبہ آغاز فاؤنڈیشن کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد مدارس کے طلبہ و طالبات کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک باشعور اور خودکفیل مسلمان کے طور پر اپنی شناخت بنا سکیں۔
آج کے دور میں مسلمانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ محض دینی تعلیم حاصل کرنا کافی نہیں، بلکہ جدید تعلیم کے بغیر ہم معاشرے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا نہیں کرسکتے۔ مدارس میں پڑھنے والے طلبہ کا کوئی واضح ویژن نہ ہونا ایک تشویشناک مسئلہ ہے۔ اکثر طلبہ دینی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ایک مقررہ راستے پر چل کر اسی تعلیم کو ذریعہ معاش بنانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ یہ ایک طرح سے ان کی صلاحیتوں اور امکانات کو محدود کرنے کے مترادف ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم مدارس کے طلبہ کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ ایسی ماڈرن ایجوکیشن بھی فراہم کریں جو ان کے لیے ذریعہ معاش بن سکے اور ان کے سامنے ایک واضح ویژن پیش کرے۔ اگر طلبہ اپنی روزی روٹی کے لیے جدید تعلیم حاصل کرلیں تو وہ نہ صرف خود کفیل بن سکتے ہیں بلکہ دینی تعلیم کو بھی زیادہ موثر اور فری طور پر لوگوں تک پہنچانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ اس طرح وہ ایک مکمل اور متوازن شخصیت کے مالک بن سکیں گے، جو دنیاوی اور دینی دونوں پہلوؤں میں کامیاب ہو۔
آغاز فاؤنڈیشن نے اس خلا کو پر کرنے کے لیے ایک مثالی قدم اٹھایا ہے۔ نیا کے اشتراک سے، مدارس میں آنلائن کلاسز شروع کی گئی ہیں، جو طلبہ کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہیں۔ مدرسہ حفصہ للبنات میں اس نظام کے آغاز کے بعد طالبات میں خوداعتمادی اور تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ ان کی سوچ میں وسعت اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوا ہے، جو کہ ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
مدارس کے طلبہ کو جدید تعلیم کے ذریعے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جو ان کی صلاحیتوں کو ابھارے اور انہیں ایک کامیاب اور خودمختار انسان بنائے۔ دوسرے مدارس کو بھی اس تعلیمی ماڈل کو اپنانا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں اور اپنی زندگی کو نہ صرف بہتر بنا سکیں بلکہ اپنی دینی ذمہ داریوں کو بھی موثر انداز میں انجام دے سکیں۔ یہ اقدام یقیناً امت مسلمہ کے روشن مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔